مرزاپور،18جون؍(آئی این ایس انڈیا)بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج کہا کہ اتر پردیش کی عوام اگر ان کے ہاتھ مضبوط کرتی ہے تو وہ ریاست میں مکمل شراب بندی لاگو کرا دیں گے۔نتیش نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ شراب بندی ملک اور معاشرے کی ضرورت ہے،عوام اگر ہاتھ مضبوط کرتی ہے تو ہم شراب بندی لاگو کرا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہار میں جب خواتین نے ان سے کہا تھا کہ شراب بند کرائے تومیں نے کہا تھا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو بند کرا دوں گا اور ہم نے ایسا کر دکھایا۔نتیش نے سوالات کے جواب میں الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صرف گھوم گھوم کر تقریر کر رہے ہیں۔انہوں نے دو سال میں کچھ نہیں کیا،کوئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں جب جب الیکشن آتا ہے، فرقہ وارانہ ماحول بگاڑا جاتا ہے۔کیرانہ کیس پر انہوں نے کہا کہ وہاں لوگ غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے نقل مکانی کر رہے ہیں،اسے فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جا سکتا۔